شہزادہ ادریس بدرالدین ممبئی میں انتقال کر گئے

مرحوم داؤدی بوہرہ برادری کے 53ویں داعی اور روحانی پیشوا سیدنا مفضل سیف الدین کے چھوٹے بھائی تھے
تحریر: نیوز لیڈ 360 ٹیم
داؤدی بوہرہ برادری کے 53ویں داعی اور روحانی پیشوا سیدنا مفضل سیف الدین کے چھوٹے بھائی، شہزادہ ادریس بدرالدین گزشتہ روز ممبئی میں انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 74 برس تھی۔
سن 1952 میں پیدا ہونے والے شہزادہ ادریس بدرالدین، داؤدی بوہرہ برادری کے 52ویں داعی مطلق، آقائی سیدنا محمد برہان الدین کے پانچویں صاحبزادے تھے۔ وہ پانچ دہائیوں سے مختلف اہم عہدوں پر فائز رہ کر برادری کی خدمت کررہے تھے ۔
تعلیم کے شعبے میں ان کی خدمات خاص طور پر قابلِ ذکر ہیں۔ دعوتِ ہادیہ کے شعبۂ تعلیم کے سربراہ کی حیثیت سے انہوں نے برادری کے عالمی تعلیمی نیٹ ورک کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا، جس میں مختلف ممالک میں پھیلے ہوئے 40 سے زائد ادارے شامل ہیں۔
تعلیم کے علاوہ شہزادہ ادریس بدرالدین نے برطانیہ، آئرلینڈ، سوئیڈن اور ناروے میں سیدنا مفضل سیف الدین کے خصوصی نمائندے کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ اس حیثیت سے انہوں نے سرکاری عہدیداران اور اہم شخصیات کے ساتھ روابط استوار رکھے۔برادری کی نمائندگی کے ساتھ ساتھ امن، خیر سگالی اور معاشرے کی خدمت کا پیغام بھی پہنچایا۔
مرحوم کی ادارہ جاتی ذمہ داریوں میں برطانیہ میں الجامعۃ السیفیہ، لندن کے ٹرسٹ اور ممبئی میں سیفی ایجوکیشن ٹرسٹ، ایڈ پروگرام اور برہانی صدی سالہ ہائر ایجوکیشن ٹرسٹ کے چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دینا شامل تھا۔
وہ برطانیہ کی پارلیمنٹ کے دعوتِ ہادیہ ایکٹ 1993 کے تحت قائم کارپوریشن واحدہ کے انتظام کے لیے نامزد کیے گئے افراد میں سے بھی تھے۔

