
طرزِ زندگی اور معاشرہلوٹ پیچھے کی طرف اے گردشِ ایام تو!🛵
ویسپا اسکوٹر؛ ایک سواری ، ایک عہد کی تاریخ
ویسپا کا نام وقت کے ساتھ پاکستانی سڑکوں سے تقریباً غائب ضرور ہوگیا، لیکن اس کی کشش ختم نہیں ہوئی۔
تحریر: شاہ ولی اللہ جنیدی
ایک ایسی سواری جس نے کئی نسلوں کے بچپن، جوانی اور شہری زندگی کی یادوں کو اپنے ساتھ جوڑے رکھا، اس شہر کی تہذیب، معاشرت اور طرزِ زندگی کو ایک خاص پہچان دی۔ ان میں ایک نمایاں نام اطالوی اسکوٹر ویسپا (Vespa) کا ہے۔
ایک زمانہ تھا جب کراچی کی سڑکوں پر پیچھے نصب اسپیئر ٹائر، خم دار دھاتی باڈی، مخصوص آواز اور دلکش ڈیزائن کے ساتھ گزرتی ہوئی ویسپا لوگوں کی توجہ کا مرکز بن جاتی تھی۔ یہ محض آمدورفت کا ذریعہ نہیں بلکہ متوسط طبقے کی ضرورت، نوجوانوں کا شوق اور خوش حال گھرانوں کے لیے ایک باوقار سواری سمجھی جاتی تھی۔
1960اور1970 کی دہائیوں کا کراچی یاد کیا جائے تو بندر روڈ، صدر، ایم اے جناح روڈ، کلفٹن، ناظم آباد اور شہر کے دیگر علاقوں میں ویسپا اسکوٹر عام دکھائی دیتے تھے۔ سرکاری ملازمین، اساتذہ، کاروباری حضرات، طلبہ اور نوجوان اس پر سفر کرتے نظر آتے۔ بعض گھرانوں میں یہ باقاعدہ خاندانی سواری تھی، جس پر والد اپنے بچوں کو اسکول چھوڑنے جاتے اور شام کو اہل خانہ کے ساتھ شہر کی سیر کرتے تھے۔
والدِ گرامی شاہ خلیل اللہ جنیدی مرحوم کے ایک عزیز دوست زبیر احمد مرحوم، جنہیں ہم سب محبت سے زبیر چچا کہہ کر مخاطب کرتے تھے، ناظم آباد کے ضیاء العلوم اسکول میں تدریس کے فرائض انجام دیتے تھے اور اورنگ آباد کوارٹرز ناظم آبادمیں سکونت پذیر تھے۔ وہ اکثر اپنی ویسپا اسکوٹر پر ہمارے گھر تشریف لایا کرتے تھے۔ ان کی آمد پر ہم بچوں کی خوشی دیدنی ہوتی تھی۔ گھر کے باہر کھڑی ان کی ویسپا ہمارے لیے خصوصی کشش رکھتی تھی۔ ہم بڑے شوق سے اس پر بیٹھتے، اس کے ہینڈل کو تھامتے اور خود کو ایک ماہر سوار تصور کرنے لگتے۔ آج بھی وہ منظر بچپن کی حسین یادوں میں محفوظ ہے۔
کراچی کی تہذیبی اور معاشرتی تاریخ میں ویسپا کا اپنا ایک الگ مقام ہے۔ یہ وہ دور تھا جب سڑکوں پر گاڑیوں کا ہجوم آج جیسا نہیں تھا، ٹریفک نسبتاً کم تھی اور شہر کے مختلف علاقوں میں سائیکلوں، اسکوٹروں اور چند موٹر گاڑیوں کی آمدورفت شہری زندگی کا حصہ تھی۔ویسپا کی مخصوص آواز دور سے سنائی دیتی تو اندازہ ہوجاتا کہ کوئی جاننے والا گزر رہا ہے۔
وقت گزرا، بچپن نے جوانی کی دہلیز پر قدم رکھا اور میں کالج پہنچ گیا۔ ویسپا سے وابستہ ایک اور یاد میرے ساتھ جڑ گئی۔ میرے دوست عرفان کے بڑے بھائی اسلام الدین بھائی کے پاس بھی ویسپا اسکوٹر تھی۔ وہ نہ صرف ہمیں اس پر گھمانے لے جاتے بلکہ اسی اسکوٹر پر عرفان اور میں نے اسکوٹر چلانا بھی سیکھا۔
بعض اشیا اپنی مادی اہمیت سے کہیں بڑھ کر ہماری زندگی کے جذباتی اور یادگاری سرمائے کا حصہ بن جاتی ہیں۔ ویسپا بھی میرے لیے ایسی ہی ایک یاد ہے۔
ویسپا اسکوٹرکو دوسری عالمی جنگ کے بعد اٹلی کی کمپنی پیاجیو (Piaggio) نے 1946ء میں متعارف کرایا۔ اس کا ڈیزائن انجینئر کوراڈینو ڈی آسکانیو (Corradino D'Ascanio) نے تیار کیا تھا۔ ویسپا اطالوی زبان کا لفظ ہے جس کے معنی بھڑ (Wasp) کے ہیں۔ یہ ایک اڑنے والا، کاٹنے والا کیڑا ہے جس کی کمر بہت پتلی ہوتی ہے اور(شہد کی مکھی سے ملتا جلتاہے مگر جارحانہ مزاج کا حامل ہوتا ہے)
ویسااسکوٹرکے منفرد ڈیزائن، آرام دہ نشست، پریسڈ اسٹیل باڈی( Pressed Steel) سوار کو گردوغبار سے نسبتاً محفوظ رکھنے والی ساخت نے اسے دنیا بھر میں مقبول کیا۔پاکستان میں ویسپا متعارف کرانے اور اس کی مارکیٹ قائم کرنے میں خواجہ آٹوز (Khwaja Autos) کا اہم کردار رہا ہے۔ اطالوی کمپنی پیاجیو کے اشتراک سےخواجہ آٹو زنے ویسپا کی درآمد، فروخت اور مقامی مارکیٹ میں تشہیر نے پاکستانی صارفین میں مقبول بنایا۔ خواجہ آٹوز کا نام اس حوالے سے پاکستان کی آٹو موبائل تاریخ میں خاص اہمیت رکھتا ہے۔
اکبر روڈ خصوصاً موٹر سائیکلوں، اسکوٹروں، اسپیئر پارٹس اور مکینکوں کے حوالے سے شہرت رکھتا تھا۔ ویسپا کے شوقین افراد کے لیے یہ علاقہ ایک ایسی منڈی بن گیا جہاں پرانے اسکوٹرز کی خریدوفروخت، مرمت اور پرزوں کی تلاش آسان تھی۔
کراچی میں پاکستان کی ابتدائی آٹو انڈسٹری میں ان دنوں درآمد شدہ پرزوں اور نیم تیار شدہ یونٹس کو مقامی سطح پر جوڑنے کا رجحان موجود تھا۔خواجہ آٹوز کے علاوہ 1964ء میں راجا آٹو کارز کے ذریعے ویسپا اسکوٹرز اور رکشوں کے کاروبار کا ذکربھی ملتا ہے۔ دنیا میں جرمنی کی زونڈاپ (Zündapp) کمپنی نے اس طرز کی بیلا (Bella) اسکوٹرکو متعارف کرایا، جبکہ جاپان میں مٹسوبشی کا سلور پیجن (Silver Pigeon) اور فیوجی ریبٹ (Fuji Rabbit) بھی اسی عہد کی معروف سواریاں تھیں۔بھارت میں لوہیا مشینری لمیٹڈ (LML) نے پیاجیو کے ساتھ اشتراک کرکے ویسپا طرز کے اسکوٹر تیار کیے تھے۔ بعدازاں LML Star اور LML NV جیسے ماڈلز بھی متعارف ہوئے۔تاہم ویسپا کا کلاسیکی ڈیزائن آج بھی دنیا بھر میں ریٹرو طرز (Retro Style)کی سواریوں کے لیے ایک نمایاں حوالہ سمجھا جاتا ہے۔
پاکستان میں دو پہیوں والی سواریوں کی تاریخ میں ایک اہم موڑ 1960ء کی دہائی میں آیا، جب اٹلس آٹوز لمیٹڈ (Atlas Autos Limited) نے جاپان کی ہونڈا موٹر کمپنی کے ساتھ تکنیکی تعاون کا معاہدہ کیا۔ 1965ء میں کراچی میں تجارتی پیداوار شروع ہوئی اور ہونڈا کے مختلف ماڈلز پاکستانی مارکیٹ میں متعارف ہوئے۔ابتدائی طور پر ہونڈا کی موٹر سائیکلیں ایک نئی سواری کی حیثیت سے سامنے آئیں، لیکن ان کی ہلکی ساخت، آسان دیکھ بھال اور بدلتے ہوئے سفری تقاضوں نے انہیں مقبول بنانا شروع کردیا۔
1976ء میں ہونڈا CD70 اور CG125 کی آمد نے پاکستانی موٹر سائیکل انڈسٹری میں ایک نئے دور کا آغاز کیا۔ خاص طور پر CD70 نے کم ایندھن خرچ کرنے، آسان مرمت اور نسبتاً کم لاگت کے باعث غیر معمولی مقبولیت حاصل کی۔
وقت کے ساتھ موٹر سائیکل نے اسکوٹر کی جگہ لینا شروع کردی۔ ہلکی موٹر سائیکل چلانا، ٹریفک میں راستہ بنانا اور اس کے پرزوں کی دستیابی صارفین کے لیے زیادہ سہل ثابت ہوئی۔1990ء کی دہائی میں یہ تبدیلی مزید نمایاں ہوگئی۔ ویسپا کی مقبولیت کم ہونے لگی اور موٹر سائیکل عام آدمی کی بنیادی ضرورت بنتی چلی گئی۔ اس تبدیلی کا سبب صرف ہونڈا کی آمد نہیں تھی بلکہ صارفین کی بدلتی ترجیحات، ایندھن کی بچت، قیمت، مرمت اور اسپیئر پارٹس کی دستیابی جیسے عوامل بھی اس میں شامل تھے۔
ویسپا کا نام وقت کے ساتھ پاکستانی سڑکوں سے تقریباً غائب ضرور ہوگیا، لیکن اس کی کشش ختم نہیں ہوئی۔ ونٹیج اسکوٹرز کے شوقین افراد آج بھی پرانی ویسپا کو محفوظ رکھتے ہیں، ان کی مرمت کرتے ہیں اور ان کی اصل حالت بحال کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
موجودہ دور میں ویسپا نے پاکستان میں دوبارہ قدم رکھا ہے۔ راوی آٹوموبائلز پرائیویٹ لمیٹڈ کے اشتراک سے ویسپا پاکستان کے نام سے اس کی جدید مصنوعات متعارف کرائی گئی ہیں۔ مجاز تھری ایس (3S) ڈیلرشپ کے ذریعے فروخت، سروس اور اسپیئر پارٹس کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ تاہم اس نئی آمد کو ماضی کے مقامی اسمبلنگ نظام کی مکمل بحالی قرار نہیں دیا جاسکتا۔
آج کراچی کی سڑکوں پر ہونڈا CD70، CG125 اور دیگر جدید موٹر سائیکلوں کی بھرمار ہے۔ سواریوں کی دنیا بدل چکی ہے۔ لیکن جن لوگوں نے ویسپا کا زمانہ دیکھا، ان کے لیے اس کا ذکر محض ایک اسکوٹر کا ذکر نہیں بلکہ اپنے بچپن، جوانی، دوستوں، عزیزوں اور شہر کی پرانی زندگی کی یاد تازہ کرنے کے مترادف ہے۔ ویسپا نے کراچی کی سڑکوں پر سفر کیا، مگر اس کا اصل سفر لوگوں کے دلوں اور یادوں میں آج بھی جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں
متعلقہ خبریں

پاکستان
وفاقی حکومت نے یومِ اقبال کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کرتے ہوئے نوٹی فکیشن جاری کردیا۔
طرزِ زندگی اور معاشرہ
کراچی: دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر 13 نومبر کو 14 گھنٹے بجلی کی بندش، شہر کو 130 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا ہوگا
طرزِ زندگی اور معاشرہ
کراچی میں پینٹ ہاوس کے نام پر مکینوں کے حقوق سلب کئے جارہے ہیں
طرزِ زندگی اور معاشرہ
دبئی میں سونے کے دیوہیکل جھمکوں نے گنیز ورلڈ ریکارڈ کے دو اعزاز جیت لیے
تازہ ترین
صحت
پولیو کے مکمل خاتمے تک بہتری بے معنی ہے، مصطفیٰ کمالپاکستان
ایم کیو ایم پاکستان کا وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے فوری استعفے کا مطالبہپاکستان
محمدی ہاؤس: کراچی کی پہلی بلند ترین عمارت، جو کبھی پاکستان کا پہلا اسکائی اسکریپر کہلائیجرائم
میر رضا کیس: سابق ایس ایچ او گلستانِ جوہر کامران قریشی ملازمت سے برطرفپاکستان
حیدرآباد میں انتظامی یونٹس کے قیام کے لیے عوامی اجتماع، ملک بھر میں نئے انتظامی یونٹس بنانے کا مطالبہ
طرزِ زندگی اور معاشرہ سے مزید



