AI-generated imageطرزِ زندگی اور معاشرہپانی احتیاط سے استعمال کریں
کراچی: دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر 13 نومبر کو 14 گھنٹے بجلی کی بندش، شہر کو 130 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا ہوگا
بجلی کی بندش کے باعث لانڈھی، کورنگی، ملیر، شاہ فیصل، گلشن، کلفٹن، صدر اور لیاری سمیت جناح، چنیسر، ناظم آباد، لیاقت آباد اور نارتھ کراچی کے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر ہوگی، جبکہ ناظم آباد اور گلبرگ ٹاؤن میں پانی کی فراہمی جزوی طور پر متاثر رہے گی۔ اس دوران لانڈھی اور شیرپاؤ ہائیڈرنٹس بھی بند رہیں گے۔
کے الیکٹرک اور واٹر کارپوریشن کی جانب سے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر سالانہ مینٹیننس کے سلسلے میں بجلی اور پمپنگ کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے، جس کے باعث 13 نومبر کو شہر کو تقریباً 130 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق کے الیکٹرک نے دھابیجی گرڈ اسٹیشن پر سالانہ مینٹیننس کے باعث 13 نومبر کو صبح 10 بجے سے رات 12 بجے تک بجلی کی بندش کا باضابطہ شیڈول جاری کیا ہے۔ 14 گھنٹے کے اس شٹ ڈاؤن کے دوران دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے 21 میں سے 9 پمپس غیر فعال رہیں گے۔
ترجمان کے مطابق کراچی کو یومیہ تقریباً 650 ملین گیلن پانی فراہم کیا جاتا ہے، تاہم بجلی کی بندش کے باوجود شہر کو تقریباً 520 ملین گیلن پانی کی فراہمی جاری رکھی جائے گی۔
بجلی کی بندش کے باعث لانڈھی، کورنگی، ملیر، شاہ فیصل، گلشن، کلفٹن، صدر اور لیاری سمیت جناح، چنیسر، ناظم آباد، لیاقت آباد اور نارتھ کراچی کے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر ہوگی، جبکہ ناظم آباد اور گلبرگ ٹاؤن میں پانی کی فراہمی جزوی طور پر متاثر رہے گی۔ اس دوران لانڈھی اور شیرپاؤ ہائیڈرنٹس بھی بند رہیں گے۔
ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق کے الیکٹرک کا سالانہ مینٹیننس مکمل ہونے کے بعد دھابیجی کے 9 میں سے 6 پمپس فعال کردیے جائیں گے، جس کے نتیجے میں لانڈھی، کورنگی، ملیر اور شاہ فیصل کے علاوہ دیگر تمام متاثرہ علاقوں میں پانی کی فراہمی معمول پر بحال کردی جائے گی۔
ترجمان نے بتایا کہ کے الیکٹرک کا شٹ ڈاؤن ختم ہونے کے بعد واٹر کارپوریشن کا اپنا سالانہ مینٹیننس مزید 22 گھنٹے جاری رہے گا۔ اس دوران دھابیجی کے صرف 3 پمپس غیر فعال رہیں گے، جس کے باعث لانڈھی، کورنگی، ملیر اور شاہ فیصل کے علاقوں میں پانی کی فراہمی جزوی طور پر متاثر رہے گی۔
واٹر کارپوریشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بجلی کی فراہمی بحال ہوتے ہی پانی کی ترسیل بھی بتدریج معمول پر لائی جائے گی۔ واٹر کارپوریشن نے متاثرہ علاقوں کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مینٹیننس کے دوران پانی احتیاط اور کفایت شعاری سے استعمال کریں اور اپنی ضروریات کے مطابق پانی ذخیرہ کرلیں۔



