
دبئی میں سونے کے دیوہیکل جھمکوں نے گنیز ورلڈ ریکارڈ کے دو اعزاز جیت لیے
جھمکوں کی رونمائی مشرق وسطیٰ کے سب سے بڑے زیورات کے شوروم ’’جیول آف جوائے‘‘ کے حالیہ افتتاح کے فوراً بعد ہوئی۔
تحریر: نیوز لیڈ 360 ٹیم
دبئی میں ہاتھ سے بنے سونے کے دیوہیکل جھمکوں نے گنیز ورلڈ ریکارڈ کے دو اعزاز جیت لیے ہیں، جس سے گولڈ سٹی کہلانے والے دبئی کی شہرت میں ایک اور اضافہ ہوا ہے۔
جویلُکّس جیولری کے بنائے ہوئے ان جھمکوں کا نام ’’میورا سہسرا‘‘ (Mayura Sahasra) ہے، جس کا مطلب ’’ایک ہزار مور‘‘ ہے۔ 22 قیراط سونے کے اس جوڑے کا مجموعی وزن 16.514 کلوگرام ہے۔ گنیز ورلڈ ریکارڈز نے انھیں سونے کے سب سے بھاری اور سب سے بڑے جھمکوں کے طور پر تسلیم کیا ہے۔
جھمکوں کی لمبائی 1.215 میٹر اور قطر 0.682 میٹر ہے۔ انھیں مکمل کرنے میں کئی ماہ لگے اور 55 ماہر کاریگروں نے مجموعی طور پر 5 ہزار 840 گھنٹے کام کیا۔
دبئی سے متاثر ہوکر عالمی ریکارڈ قائم کرنے کا فیصلہ
جویلُکّس جیولری کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جان پال الوکاس نے خلیج ٹائمز کو بتایا کہ اس منفرد تخلیق کا خیال متحدہ عرب امارات میں کمپنی کے چار دہائیوں کے سفر اور دبئی کی ترقی دیکھنے کے تجربے سے آیا۔
جان پال الوکاس کے مطابق، ’’ہم گزشتہ 40 برس سے متحدہ عرب امارات میں موجود ہیں اور ہم نے دیکھا ہے کہ امارات اور دبئی نے کس طرح ترقی کی۔ ہم نے دبئی کو متعدد عالمی ریکارڈ قائم کرتے دیکھا، اس لیے ہم نے سوچا کہ ہمیں بھی کچھ ایسا کرنا چاہیے جس کے ذریعے ہم دبئی کو کچھ واپس لوٹا سکیں۔‘‘
ان کا کہنا تھا کہ کمپنی زیورات کے شعبے میں ایسی تخلیق کرنا چاہتی تھی جو دبئی کی کامیابیوں میں اضافہ کرے۔
انہوں نے کہا، ’’دبئی ہمیشہ سے سونے کے شہر کے طور پر پہچانا جاتا ہے۔ یہ تخلیق اس شناخت کو مزید نمایاں کرے گی۔‘‘
جھمکوں کی رونمائی مشرق وسطیٰ کے سب سے بڑے زیورات کے شوروم ’’جیول آف جوائے‘‘ کے حالیہ افتتاح کے فوراً بعد کی گئی۔
جان پال الوکاس نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ دبئی آنے والے تمام صارفین اور سیاح یہ شاہکار اپنی آنکھوں سے دیکھیں۔ ان کے مطابق اس جوڑے کی تیاری میں بہت وقت اور محنت لگی اور اسے جیول آف جوائے میں نمائش کے لیے رکھا گیا ہے۔
ذرائع
- ویب سائٹGulf News



