رائے اور تجزیہرائے
جب شہر کے حاشیے پر کھڑے لوگ بھی بغاوت پر اتر آئیں
تحریر: شاہ ولی اللہ جنیدی
کراچی کے بدلتے حالات سے شروع ہونے والی ایک گفتگو شہری مسائل، منشیات، جرائم، قانون کے غیر مساوی نفاذ، طبقاتی فرق اور معاشرے میں بڑھتی ہوئی بے حسی تک جا پہنچتی ہے۔

تحریر: شاہ ولی اللہ جنیدی
گزشتہ دنوں دوستوں شیزان خان، سلیم اللہ صدیقی اور عمران احمد کے ساتھ ایک نشست میں کراچی کے بدلتے ہوئے حالات، سرکاری اداروں کے شہریوں سے روا رکھے جانے والے رویوں اور معاشرے میں بڑھتی ہوئی بے حسی پر گفتگو چھڑی۔ بات کراچی سے شروع ہوئی تو دیکھتے ہی دیکھتے ملکی حالات، عوامی مشکلات اور موجودہ نظام کی مجموعی صورتِ حال بھی گفتگو کا حصہ بن گئی۔ نشست میں مختلف پہلو زیرِ بحث آئے اور ہر ایک نے اپنے مشاہدے اور تجربے کی روشنی میں موجودہ صورتِ حال پر اظہارِ خیال کیا۔
شیزان خان کا کہنا تھا کہ آج معاشرے کا شاید ہی کوئی طبقہ ایسا ہو جو کسی نہ کسی پریشانی، محرومی یا اضطراب کا شکار نہ ہو۔ مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے، بے روزگاری نے نوجوانوں کے ہاتھ باندھ دیے ہیں، سوک مسائل نے شہری زندگی کو اذیت ناک بنا دیا ہے اور سرکاری اداروں کی بے حسی نے لوگوں کے اندر یہ احساس پیدا کر دیا ہے کہ ان کی داد رسی کرنے والا کوئی نہیں۔
گفتگو کو آگے بڑھاتے ہوئے سلیم اللہ صدیقی اور عمران احمد نے بھی اس امر کی طرف توجہ دلائی کہ شہری مسائل اب محض انتظامی نوعیت کے نہیں رہے بلکہ ان کے اثرات معاشرتی رویوں، ذہنی کیفیت اور باہمی برداشت پر بھی نمایاں ہو رہے ہیں۔ آج ہر شخص دوسرے کو موردِ الزام ٹھہرا رہا ہے۔ شہری حکومت کو، حکومت وفاق کو، وفاق صوبے کو، صوبہ اداروں کو اور ادارے وسائل کی کمی کو۔ لیکن اس الزام تراشی کے درمیان عام شہری کہاں کھڑا ہے؟ وہ بجلی، پانی، ٹرانسپورٹ، مہنگائی، تعلیم، صحت، روزگار اور امن و امان کے مسائل کے درمیان اپنی روزمرہ زندگی گزارنے کی کوشش کر رہا ہے۔
اگر دیکھا جائے تو کراچی جیسے شہر میں یہ بحران مزید نمایاں ہو جاتا ہے۔ یہاں ایک طرف بلند و بالا عمارتیں، بڑے شاپنگ مال، ان میں خریداری کرنے والے افراد، مہنگی گاڑیاں اور وسیع شاہراہیں ہیں، تو دوسری طرف فٹ پاتھوں پر سوتے لوگ، کچرے کے ڈھیروں میں رزق تلاش کرتے بچے، نشے کے عادی افراد اور بنیادی سہولتوں سے محروم بستیاں بھی اسی شہر کا حصہ ہیں۔ ایک ہی شہر میں زندگی کے یہ دو متضاد چہرے ایک دوسرے کے سامنے کھڑے ہیں۔
نشے کے عادی افراد کے حوالے سے گفتگو میں ایک پہلو خاص طور پر قابلِ غور تھا۔ یہ احساس سامنے آیا کہ معاشرے کے حاشیے پر موجود بعض افراد اب قانون کے خوف سے بھی بے نیاز دکھائی دیتے ہیں۔ شہر کے انڈر پاسز، پلوں کے نیچے، سڑکوں کے کنارے اور فٹ پاتھوں پر بعض افراد سرعام نشہ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ بعض جگہوں پر کچرے سے اشیا چننے اور چوری چکاری کے واقعات بھی شہریوں کے لیے مستقل مسئلہ بن چکے ہیں۔
چوری، سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانا یا شہریوں کے لیے خطرہ پیدا کرنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ لیکن سوال یہ بھی ہے کہ ایک ایسا شخص جو اپنی زندگی، صحت اور سماجی تعلقات تقریباً کھو چکا ہو، وہ اس مقام تک پہنچا کیسے؟ اگر کسی شہر میں منشیات آسانی سے دستیاب ہوں، روزگار کے مواقع محدود ہوں، علاج اور بحالی کے مراکز ناکافی ہوں اور قانون کا اطلاق یکساں نہ ہو تو مسئلہ صرف ’’نشئی‘‘ کا نہیں رہتا، پورا معاشرہ اس بحران کی ذمہ داری سے خود کو الگ نہیں کر سکتا۔
کراچی کے مختلف علاقوں سے گٹر کے ڈھکن، سڑکوں اور پلوں کے نیچے نصب لوہے کا سامان، میٹر کی حفاظتی جالیاں، جنگلے اور پارکوں کی گرلیں اکھاڑ کر کباڑ میں فروخت کیے جانے کی شکایات اب معمولی معاملہ نہیں رہیں۔ راشد منہاس روڈ، سہراب گوٹھ پل کے اطراف، ڈرگ روڈ، ماری پور روڈ اور دیگر مقامات پر شہری انفراسٹرکچر سے لوہا غائب ہونا صرف چند افراد کی واردات نہیں بلکہ ایک ایسے غیر رسمی کباڑ کے کاروبار کی طرف اشارہ کرتا ہے جس کا سدباب ضروری ہے۔






