رائے اور تجزیہرائےاُڑتی گاڑیاں
ایلون مسک صاحب! ہماری جیسی ترقی آپ کے بس کی بات نہیں
تحریر: جنید خانزادہ
یہ آپ کے لیے نئی ٹیکنالوجی سہی، ہمارے لیے یہ ایک پرانی کہانی ہے

ایلون مسک صاحب! آپ بغیر ڈرائیور کے ہوا میں اڑنے والی گاڑی بنا کر خود ہوا میں نہ اڑیں۔ یہ آپ کے لیے نئی ٹیکنالوجی سہی، ہمارے لیے یہ ایک پرانی کہانی ہے۔ اگر آپ کو ٹیکنالوجی کا اصل سمندر دیکھنا ہے تو ایک چکر ہماری طرف کا بھی لگا لیں۔
اڑنے والی کاریں اور سیاسی قلابازیاں
آپ کی گاڑیاں ہوا میں اڑتی، گھومتی اور قلابازی کھاتی ہیں۔ ہمارے سیاستدان یہ کرتب کب سے دکھا رہے ہیں۔ وہ انتخابی وعدوں میں اڑتے ہیں، وڈیرے عوام کو اپنے قدموں میں رکھنے کا فن جانتے ہیں اور جاگیرداروں کے ہاں آج بھی کئی علاقوں میں عام آدمی کی آزادی سے زیادہ طاقت اور اثر و رسوخ کو اہمیت حاصل ہے۔
ہمارے ہاں لوگ گلیوں اور شاہراہوں کی خستہ حالی کے باعث زمین پر ایسے چلتے ہیں جیسے چاند یا مریخ پر چل رہے ہوں، اور یہ مشق برسوں سے جاری ہے۔ یہ چہل قدمی آپ کی اڑنے والی گاڑی سے کہیں زیادہ حیران کن ہے۔
دنیا اور ہمارا ملک
دنیا چاند اور مریخ پر بستیاں بسانے جا رہی ہے، ہم نے فٹ پاتھ چائے کے ہوٹلوں کے لیے مختص کر دیے ہیں۔ ہمارے اسپتالوں میں کروڑوں کی دوائیاں آتی ہیں اور سٹور میں رکھے رکھے ہی غائب ہو جاتی ہیں۔
دنیا مستقبل بدلنے کے لیے نئی ایجادات کر رہی ہے، ہمارے ہاں پانی دو تین دن بعد آتا ہے۔ ڈیزل بچانے کے لیے سیوریج کا پانی اس جگہ بہا دیا جاتا ہے جسے سرکاری ریکارڈ میں سڑک لکھا جاتا ہے۔ دنیا بجلی سے گاڑیاں چلا رہی ہے، ہمارے ہاں بجلی آتے ہی لوگ ایسے خوش ہوتے ہیں جیسے کوئی خلائی مشن کامیاب ہو گیا ہو۔ دنیا چاند پر پانی تلاش کر رہی ہے، ہمارے ہاں لوگ صبح ناشتے کے لیے گیس تلاش کرتے پھرتے ہیں۔
دنیا مصنوعی ذہانت سے نئی دنیائیں تخلیق کر رہی ہے، ہمارے بچے اسکولوں میں بنیادی سہولتوں، معیاری تعلیم اور کئی جگہ تو اساتذہ کے منتظر ہیں، جبکہ اشرافیہ کے بچے ملک کے بہترین اداروں میں زیرِ تعلیم ہیں۔
دنیا میں بغیر ڈرائیور گاڑیاں چل رہی ہیں، ہمارے ہاں ٹریفک قوانین کے بغیر ہی ٹریفک چلانے کا عمل بلاروک ٹوک جاری ہے۔ دنیا بیماریوں کے علاج میں تحقیق کر رہی ہے، ہمارے ہاں سرکاری اسپتالوں میں مریض کو بیماری کے ساتھ دوا، ٹیسٹ اور بسا اوقات بستر کا انتظام بھی خود کرنا پڑتا ہے، اور کوئی فوت ہو جائے تو ایمبولینس کا انتظام بونس کے طور پر خود ہی کرنا پڑتا ہے۔




