
پاکستانفیچرتاریخ کے جھرمٹ سے کراچی کے داستاں گو کی ایک اور لازوال کہانی
کراچی کا گم گشتہ صنعتی ورثہ: سیٹھ رام کرشنا ڈالمیا، قائداعظم سے دوستی اور ڈالمیا سیمنٹ فیکٹری کی داستان
تقسیم ہند سے قبل ان کا شمار برصغیر کے بڑے صنعتی و تجارتی خاندانوں میں ہوتا تھا۔ ان کی کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ اس قدر وسیع تھا کہ ڈالمیا خاندان کو ٹاٹا اور برلا جیسے بڑے صنعتی گھرانوں کے ہم پلہ شمار کیا جاتا تھا۔
تحریر: شاہ ولی اللہ جنیدی
کراچی کا گم گشتہ صنعتی ورثہ: سیٹھ رام کرشنا ڈالمیا، قائداعظم سے دوستی اور ڈالمیا سیمنٹ فیکٹری کی داستان
کراچی کی صنعتی ترقی میں ایسے تاجروں اور صنعت کاروں کا بھی اہم کردار رہا ہے جنہوں نے قیام پاکستان سے قبل یہاں صنعتوں کی بنیاد رکھی۔ ان ہی شخصیات میں ہندوستان کے معروف صنعت کار سیٹھ رام کرشنا ڈالمیا کا نام بھی نمایاں ہے۔ انہوں نے کراچی میں سیمنٹ کی ایک بڑی فیکٹری قائم کرکے شہر کی صنعتی تاریخ میں اپنا حصہ ڈالا۔
آج ان کی قائم کردہ فیکٹری کا صنعتی وجود ختم ہوچکا ہے، لیکن ڈالمیا سوسائٹی اور شانتی نگر جیسے علاقے اس ماضی کی یاد دلاتے ہیں۔اس داستان کا ایک دلچسپ پہلو یہ بھی ہے کہ رام کرشنا ڈالمیا کے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح سے قریبی دوستانہ تعلقات تھے۔ دونوں کی یہ رفاقت برصغیر کی سیاسی اور سماجی تاریخ کا ایک قابل ذکر حوالہ ہے۔
سیٹھ رام کرشنا ڈالمیا 7 اپریل 1893ء کو راجستھان کے ایک غریب مارواڑی خاندان میں پیدا ہوئے۔ ابھی وہ نوجوان ہی تھے کہ والد کی وفات ہوگئی اور محض 18 برس کی عمر میں انہیں خاندان کی ذمہ داریاں اٹھانا پڑیں۔ انہوں نے سونے اور چاندی کی تجارت اور بازار میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ سے فائدہ اٹھانے کے کاروبار کے ذریعے اپنی معاشی زندگی کا آغاز کیا۔ غیر معمولی کاروباری صلاحیت، خطرہ مول لینے کی عادت اور منافع کے مواقع پہچاننے کی مہارت نے انہیں جلد ہی ایک کامیاب تاجر بنا دیا۔
بعدازاں انہوں نے اپنے کاروبار کو مختلف شعبوں تک وسعت دی ۔ اپنے بھائی جے دیال ڈالمیا اور داماد ساہو شانتی پرساد جین کے اشتراک سے ڈالمیا جین صنعتی و تجارتی گروپ قائم کیا ۔ان کے کاروبار،سیمنٹ، چینی، کیمیکلز، بینکاری، انشورنس اور دیگر صنعتوں تک پھیل گئے۔ انہوں نے سیمنٹ کے شعبے میں برطانوی سرمایہ داروں کی اجارہ داری کو چیلنج کیا اور ہندوستان کے مختلف علاقوں میں کارخانے قائم کیے۔
تقسیم ہند سے قبل ان کا شمار برصغیر کے بڑے صنعتی و تجارتی خاندانوں میں ہوتا تھا۔ ان کی کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ اس قدر وسیع تھا کہ ڈالمیا خاندان کو ٹاٹا اور برلا جیسے بڑے صنعتی گھرانوں کے ہم پلہ شمار کیا جاتا تھا۔







