
خصوصیتحقیقاتتحقیقاتی رپورٹشہید ملت کا 75واں یوم شہادت
شہید ملت لیاقت علی خان کے قتل میں غلام محمد اور گورمانی کا ہاتھ تھا، بیگم رعنا لیاقت
میں نے اُس وقت کے وزیراعظم سے تحقیقات دوبارہ شروع کرنے کی درخواست کی تھی، لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔ بیگم رعنا لیاقت علی خان
تحریر: سلیم اللہ صدیقی
پاکستان کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان کو شہید ہوئے 75 سال ہوگئے ہیں ،انہیں ہزاروں لوگوں کے سامنے شہید کیا گیا لیکن عوام آج تک اس سازش کے درہ پردہ لوگ سے لاعلم ہیں اور نہ انہیں سزا ملی لیکن شاید اندرون خانہ بااختیار لوگ اور ادارے اس سازش سے آگاہ تھے ۔اس بات کی تصدیق 44 سال پہلے فروری 1982 کو شہید وزیراعظم کی بیوہ اور پاکستان کی پہلی خاتون گورنر سندھ بیگم رعنا لیاقت علی خان موقرانگریزی میگزین میگ کے دیئے گئے انٹرویو سے ہوتی ہے ۔اپنے انٹرویو میں بیگم رعنا لیاقت علی خان نے کہا تھا کہ ان کے شوہر اور پاکستان کے پہلے وزیر اعظم شہید ملت خان لیاقت علی خان کے قتل میں ملوث افراد کی نشاندہی کر دی گئی تھی لیکن انہیں کیفر کردار تک نہیں پہنچایا گیا ۔اس قتل میں غلام محمد اور مشتاق گورمانی کا ہاتھ تھا ،ان کا کہنا تھا کہ یہ قوم کا کام تھا کہ اس قومی المیہ کے حقائق کو منظرعام پر لانے تک حکمرانوں پر دبائو ڈالتی ،ان سے قومی المیہ کے حقائق منظرعام پر لانے کا مطالبہ کرتی لیکن بدقستمی سے ایسا نہیں کیا گیا ،انہوں نے کہا کہ اس قتل کے معمہ کو حل کرنے کے لیے کچھ بیرونی ماہرین بھی پاکستان آئے اور انہوں نے اس واقعہ کے سلسلے میں ایک رپورٹ تیار کی تھی لیکن وہ طیارہ جس میں یہ دستاویزات لے جائی جارہی تھی تباہ ہوگیا اس حادثے میں دستاویزات کےعلاوہ دستاویزتیارکرنے والا بھی ختم ہوگیا تھا ،نواب صاحب کواس وقت قتل کیا گیا تھا جب وہ انتخابات کی تیاری کررہے تھے ،وہ اپنے قتل کے وقت مقبولیت کی بلندیوں پر تھے ان کی دیانت دارانہ پالیسی نے ان کی جان لے لی۔ انہوں نے اپنے انٹرویو میں مزید کہا تھا کہ جب میں گورنرسندھ بنی تو میں نے اس وقت کے وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو سے تحقیقات دوبارہ شروع کرنے کی درخواست کی تھی لیکن کوئی جواب نہیں ملا ،ان کا مزید کہنا تھا لیاقت علی خان نہ کمیونسٹ تھے اور نہ ہی امریکا نواز تھے ،انہیں سوویت یونین سے دعوت غلط وقت پر آئی تھی اس لیے انہوں نے اس ملک کا دورہ نہیں کیا تھا ،بیگم لیاقت علی خان نے کہا تھا ان کے شوہر بے غرض ،دیانت داراور اعلیٰ صلاحیتوں کے مالک تھے اس لیے ان لوگوں نے انہیں راستے سے ہٹایا جوانہیں بڑی رکاوٹ سمجھتے تھے ۔ یاد رہےغلام محمد پاکستان کے پہلے وزیرخزانہ تھے اور لیاقت علی خان کی شہادت کے بعد 17اکتوبر1951 سے اگست1955 تک تیسرے گورنر جنرل پاکستان رہے ۔مشتاق احمد گورمانی 1951ء سے 1954ء تک داخلہ اور امور کشمیرکے وفاقی وزیر رہے اور ون یونٹ کے نفاذ کے بعدپہلے گورنرمغربی پاکستان بنے اور اس عہدے پر 1957 تک کام کرتے رہے تھے ۔ بیگم رعنا لیاقت علی خان نے ثبوت ضائع ہونے والے جس جہاز حادثے کا ذکر کیا تھا وہ واقعہ26 اگست 1952کی صبح ہوا جب پاک فضائیہ کا سامان بردار برسٹل طیارہ لاہور سے پشاور جاتے ہوئے کھیوڑہ کے مقام پر گرکر تباہ ہوگیا تھا طیارے میں عملے سمیت 20 افراد سوار تھے ۔جاں بحق افراد میں قائد ملت قتل کی تحقیقات پر مامور آئی جی اسپیشل پولیس صاحبزادہ اعتزازالدین بھی شامل تھے،بتایا گیاتھا ان کے ساتھ لیاقت علی خان قتل کیس سے متعلق اہم دستاویزات بھی ضائع ہوگئی ہیں ۔اہم بات یہ تھی اس حادثے کے فوری ایک دن بعد28اگست کو قائد ملت کے قتل کے سلسلے حکومت پنجاب نے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کے ذریعے پاکستان پولیس سروس کےڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس کی حیثیت سے خان نجف خان پر فرد جرم کردی تھی ۔ان پرفرض کی ادائی میں کوتاہی کے سنگین الزامات عائد کئے گئے تھے۔لیاقت علی خان ہم میں نہیں رہے لیکن پاکستانی قوم انہیں اپنے ہیرو کے طور پر ہمیشہ یاد رکھے گی۔







