
خصوصیپاکستانفیچرکراچی کی شناخت کا تاریخی جھروکا
25 سال قبل جب کراچی کے پیراڈائز پوائنٹ کا تاریخی پہاڑی جھروکا سمندر بُرد ہوا
ایک قدرتی شاہکار جو صدیوں تک کراچی کی شناخت رہا، 12 جون 2001 کو ایک زوردار دھماکے کے ساتھ ہمیشہ کے لیے ختم ہوگیا
تحریر: سلیم اللہ صدیقی
عروس البلاد کراچی کی تقریباً 90 سے 100 کلومیٹر طویل ساحلی پٹی قدرتی حسن اور تفریحی مقامات کے اعتبار سے منفرد شناخت رکھتی ہے۔ مغرب میں مبارک ولیج سے مشرق میں کورنگی کریک اور بن قاسم پورٹ تک پھیلی اس ساحلی پٹی پر مبارک ولیج، کیپ ماؤنٹ، چرنا آئی لینڈ، سینڈزپٹ، پیراڈائز پوائنٹ، ہاکس بے، کلفٹن اور سی ویو جیسے خوب صورت ساحل موجود ہیں۔ ان میں سے ہر مقام اپنی الگ پہچان رکھتا ہے، تاہم پیراڈائز پوائنٹ کی شہرت کا ایک بنیادی سبب قدرتی چٹان میں بنا وہ منفرد پہاڑی جھروکا تھا جو کبھی کراچی کی ساحلی شناخت کا حصہ ہوا کرتا تھا۔
یہ منگل 12 جون 2001 کی شام تقریباً پونے چھ بجے کا وقت تھا۔ شدید گرمی سے بچنے اور سمندر کے کنارے تفریح کے لیے آنے والے شہری تھک کر واپسی کی تیاری کر رہے تھے کہ اچانک سمندر کے شور میں ایک زوردار دھماکے کی آواز گونجی۔ لوگ حیران ہوکر اس جانب متوجہ ہوئے تو ایک ایسا منظر سامنے تھا جس نے وہاں موجود ہر شخص کو افسردہ کردیا۔ پیراڈائز پوائنٹ کی پہچان بننے والی قدرتی چٹان کا بالائی حصہ زمین بوس ہوچکا تھا۔
وہ تاریخی جھروکا، جسے دیکھنے اور اس میں کھڑے ہوکر سمندر کا نظارہ کرنے کے لیے لوگ دور دور سے آتے تھے، اب موجود نہیں تھا۔
پیراڈائز پوائنٹ کی اصل انفرادیت اسی قدرتی جھروکے کی وجہ سے تھی۔ یہ مقام عام شہریوں کے ساتھ ساتھ شوبز انڈسٹری کے لیے بھی خاص اہمیت رکھتا تھا۔ یہاں متعدد فلموں کی شوٹنگز ہوئیں اور یہ کراچی کے خوب صورت ترین قدرتی مناظر میں شمار ہوتا تھا۔
سردیوں میں جب سمندر نسبتاً پرسکون ہوتا تو شہری اس قدرتی جھروکے میں کھڑے ہوکر سمندر کا نظارہ کرتے اور یادگار تصاویر بنواتے تھے۔ مون سون کے موسم میں یہی مقام خطرناک صورت اختیار کرلیتا تھا، تاہم سمندر کی بپھری ہوئی لہروں کا چٹان سے ٹکرانا ایک ایسا منظر پیش کرتا تھا جسے دیکھنے کے لیے لوگ کھنچے چلے آتے تھے۔
ترقیاتی منصوبہ ادھورا رہ گیا
جس وقت یہ تاریخی قدرتی چٹان منہدم ہوئی، اس ساحلی علاقے کی انتظامی ذمہ داری لیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے پاس تھی۔ اس سے قبل 1986 میں جب یہ علاقہ کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) کے زیرانتظام تھا تو ساحلی ترقیاتی اسکیم کے تحت یہاں تفریحی سہولتوں کی فراہمی کے لیے منصوبہ بندی کی گئی تھی۔







