
تفریحفیچرقلوپطرہ
کیا ہالی ووڈ اداکارہ الزبتھ ٹیلر کراچی میں پیدا ہوئی تھیں؟
30 اکتوبر 1984 کو کراچی میں ایک ایسی خبر سامنے آئی جس نے میڈیا اور اہم شخصیات کو حیران کردیا، دعویٰ کیا گیا کہ ہالی ووڈ کی شہرہ آفاق اداکارہ الزبتھ ٹیلر کی جائے پیدائش کراچی ہے، تاہم جدید ذرائع اور تاریخی تحقیق اس دعوے کی تصدیق نہیں کرتے۔
تحریر: سلیم اللہ صدیقی
پاکستان کے معاشی حب کراچی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہاں کئی نامور شخصیات نے جنم لیا، جنہوں نے بعد ازاں دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ ان شخصیات میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات شامل ہیں، تاہم ایک دلچسپ دعویٰ ایسا بھی ہے جس کے مطابق ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ الزبتھ ٹیلر بھی کراچی میں پیدا ہوئی تھیں۔
یہ دعویٰ پہلی مرتبہ 30 اکتوبر 1984 کی شام سامنے آیا، جب اس وقت کے روٹری کلب آف کراچی ایسٹ کے صدر عبدالقادر نے امریکی قونصل جنرل لیری گرامر سے گفتگو کے دوران انکشاف کیا کہ ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ الزبتھ ٹیلر کی جائے پیدائش کراچی ہے۔
عبدالقادر کے مطابق اداکارہ کے والد مسٹر ٹیلر برطانوی فوج میں لیفٹیننٹ کے عہدے پر فائز تھے اور ان کی تعیناتی کراچی میں تھی۔ انہوں نے بتایا کہ روٹری کلب آف کراچی ایسٹ نے الزبتھ ٹیلر کو کلب کی مہمان کی حیثیت سے کراچی آنے کی دعوت بھی دی تھی۔
یہ انکشاف سن کر امریکی قونصل جنرل بھی حیران رہ گئے اور انہوں نے عبدالقادر سے دریافت کیا کہ آیا وہ مذاق تو نہیں کررہے۔ تاہم جب انہیں اداکارہ کی کراچی میں پیدائش سے متعلق دعوے کی تفصیلات بتائی گئیں تو وہ بظاہر اس بات پر یقین کرگئے۔
اس گفتگو کے بعد یہ خبر اگلے روز اہم اخبارات میں بھی شائع ہوئی اور اس وقت میڈیا سمیت مختلف حلقوں میں خوش گوار حیرت کا باعث بنی۔
تاہم تقریباً 42 سال بعد جب اس دعوے کی حقیقت جاننے کے لیے جدید ذرائع معلومات اور تاریخی ریکارڈ سے رجوع کیا گیا تو صورت حال مختلف سامنے آئی۔ کراچی سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافی اور معروف محقق شاہ ولی اللہ جنیدی بھی الزبتھ ٹیلر کی جائے پیدائش کراچی ہونے کے دعوے سے اتفاق نہیں کرتے۔
دستیاب مستند سوانحی معلومات کے مطابق الزبتھ ٹیلر 27 فروری 1932 کو برطانیہ کے شہر لندن میں پیدا ہوئی تھیں۔ برطانوی نژاد امریکی اداکارہ نے ہالی ووڈ میں تقریباً چھ دہائیوں تک اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور شہرہ آفاق فلم ’’کلیوپیٹرا‘‘ سمیت متعدد کامیاب فلموں میں مرکزی کردار ادا کیے۔







