
پاکستانفیچرعروج سے زوال تک، محمدی ہاؤس کی کہانی
محمدی ہاؤس: کراچی کی پہلی بلند ترین عمارت، جو کبھی پاکستان کا پہلا اسکائی اسکریپر کہلائی
آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع دس منزلہ تاریخی عمارت کبھی پاکستان کی بلند ترین عمارت اور تجارتی سرگرمیوں کا اہم مرکز تھی، آج سرکاری تحویل میں موجود یہ عمارت اپنے شاندار ماضی کی یادگار بن کر رہ گئی ہے۔
تحریر: سلیم اللہ صدیقی
کراچی کی وال اسٹریٹ کہلانے والی آئی آئی چندریگر روڈ پر اگر آپ ٹاور سے حبیب بینک پلازہ کی جانب سفر کریں تو اس تاریخی عمارت سے دو عمارت پہلے ایک پرانی، دس منزلہ اور بظاہر ویران عمارت دکھائی دیتی ہے۔ عمارت کے بیرونی حصے کا رنگ اکھڑ چکا ہے، کھڑکیاں غائب ہیں اور اس کی بیشتر منزلیں خالی پڑی ہیں۔ چند سیکیورٹی گارڈز کی موجودگی اس بات کا احساس دلاتی ہے کہ یہ عمارت اب بھی کسی کی تحویل میں ہے۔
عمارت کے نچلے حصے میں ایک نجی بینک اور معروف فوڈ چین سمیت چند دفاتر آج بھی کاروباری سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، لیکن مجموعی طور پر اس کی حالت اس شاندار ماضی سے بالکل مختلف دکھائی دیتی ہے جس کی یہ کبھی علامت ہوا کرتی تھی۔
یہ عمارت محمدی ہاؤس (Muhammadi House) ہے، جسے قیام پاکستان کے بعد کراچی میں تعمیر ہونے والی پہلی بلند ترین عمارت اور ملک کی ابتدائی دس منزلہ عمارتوں میں نمایاں مقام حاصل ہے۔ ایک زمانہ تھا جب یہی عمارت پاکستان کی بلند ترین عمارت ہونے کا اعزاز رکھتی تھی اور شہر کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی تجارتی معیشت کی علامت سمجھی جاتی تھی۔
کراچی کی تجارتی ترقی اور بلند عمارتوں کا آغاز
قیام پاکستان سے قبل کراچی میں زیادہ تر عمارتیں دو سے تین منزلوں پر مشتمل ہوا کرتی تھیں۔ شہر کی اہمیت بنیادی طور پر بندرگاہ، بحری تجارت اور تجارتی سرگرمیوں کی وجہ سے تھی۔ تاہم 1947 میں پاکستان کے قیام کے بعد جب کراچی کو وفاقی دارالحکومت کا درجہ ملا تو شہر کی معاشی اور انتظامی اہمیت میں غیر معمولی اضافہ ہوا۔
برصغیر کے مختلف تجارتی مراکز سے مسلمان کاروباری خاندان ہجرت کرکے کراچی پہنچے۔ ان خاندانوں نے یہاں صنعت، تجارت، بینکاری اور جہازرانی کے شعبوں میں سرمایہ کاری شروع کی۔ یوں کراچی تیزی سے ملک کے سب سے اہم تجارتی مرکز کے طور پر ابھرنے لگا۔
بندرگاہ کے قریب واقع میکلوڈ روڈ، جو آج آئی آئی چندریگر روڈ کے نام سے معروف ہے، بینکوں، شپنگ کمپنیوں اور بڑے تجارتی اداروں کا مرکز بنتی چلی گئی۔ اسی بدلتے ہوئے معاشی منظرنامے میں شہر کی پہلی بلند عمارت تعمیر کرنے کا منصوبہ سامنے آیا۔
ولیکا خاندان کا منفرد منصوبہ
1952 میں پاکستان کے معروف کاروباری اور صنعتی خاندان ولیکا گروپ نے آئی آئی چندریگر روڈ پر ایک ایسی عمارت تعمیر کرنے کا اعلان کیا جو اس وقت پورے ملک میں اپنی بلندی کے اعتبار سے منفرد حیثیت رکھتی تھی۔
ولیکا خاندان کا شمار پاکستان کے ابتدائی صنعتی اور کاروباری خاندانوں میں ہوتا تھا۔ صنعت و تجارت کے ساتھ اس خاندان کی دلچسپی جہازرانی کے شعبے میں بھی تھی۔ محمدی اسٹیم شپ کمپنی لمیٹڈ کے لیے تعمیر ہونے والی یہ عمارت اسی کاروباری وسعت اور معاشی اعتماد کا مظہر تھی۔
اس زمانے میں پاکستان کی سب سے بلند عمارت تعمیر کرنے کا اعلان اخبارات کے لیے بھی ایک اہم خبر تھا۔ چنانچہ عمارت کی تعمیر کے مختلف مراحل اور پیش رفت سے متعلق خبریں وقتاً فوقتاً اخبارات کی زینت بنتی رہیں۔
ہالینڈ سے منگوائی گئیں برقی لفٹیں
محمدی ہاؤس کی تعمیر کا آغاز 1952 میں ہوا اور تقریباً پانچ سال بعد 1957 میں یہ منصوبہ مکمل ہوگیا۔
تعمیر کے دوران عمارت میں لفٹوں کی تنصیب بھی خاصی توجہ کا مرکز بنی۔ 1956 میں جب عمارت تکمیل کے قریب تھی تو اخبارات میں خبر شائع ہوئی کہ لوگوں کو بالائی منزلوں تک پہنچانے کے لیے ہالینڈ سے دو برقی لفٹیں منگوائی گئی ہیں۔
یہ شنڈلر (Schindler) کمپنی کی لفٹیں تھیں، جن میں بیک وقت دس افراد کے سوار ہونے کی گنجائش تھی۔ اس وقت یہ سہولت کراچی کی عمارتوں میں ایک غیر معمولی پیش رفت سمجھی جاتی تھی۔ منصوبے میں مزید چار لفٹیں نصب کرنے کا ارادہ بھی ظاہر کیا گیا تھا۔
محمدی ہاؤس کی دس منزلہ عمارت اس دور کے تعمیراتی رجحانات کے اعتبار سے ایک بڑی پیش رفت تھی۔ ریکارڈ کے مطابق عمارت کا رقبہ 2,786 مربع گز ہے۔ 2020 کے ایک سروے کے مطابق اس کی چھت کی سطح تقریباً 113 فٹ جبکہ سیڑھیوں کے ٹاور کی بلندی تقریباً 125.5 فٹ ریکارڈ کی گئی۔ اس طرح عمارت کی مجموعی بلندی تقریباً 38 میٹر بنتی ہے۔
محمدی اسٹیم شپ کمپنی کا ہیڈ آفس
محمدی ہاؤس کی تاریخی اہمیت محض اس کی بلندی تک محدود نہیں بلکہ اس کا تعلق پاکستان کی ابتدائی جہازرانی کی صنعت سے بھی ہے۔
محمدی اسٹیم شپ کمپنی لمیٹڈ کا قیام 1947 میں عمل میں آیا تھا۔ یہ پاکستان کی ابتدائی مقامی شپنگ کمپنیوں میں شامل تھی اور ملک میں بحری تجارت کے فروغ میں اس کا اہم کردار رہا۔
محمدی ہاؤس اسی کمپنی کا ہیڈ آفس تھا۔ عمارت میں کمپنی کے انتظامی اور تجارتی امور انجام دیے جاتے تھے۔ اس اعتبار سے یہ عمارت صرف ایک کاروباری مرکز نہیں بلکہ پاکستان کی ابتدائی بحری تجارت اور نجی شعبے کی معاشی سرگرمیوں کی تاریخ کا ایک اہم حصہ بھی ہے۔
ولیکا گروپ کی صنعتی اور کاروباری سرگرمیاں بھی اسی دور میں وسعت اختیار کر رہی تھیں۔ محمدی ہاؤس اس معاشی عروج اور نئے پاکستان میں نجی سرمایہ کاری کے اعتماد کی ایک نمایاں علامت بن کر سامنے آئی۔
حبیب بینک پلازہ نے بلند عمارت کا اعزاز چھین لیا
محمدی ہاؤس زیادہ عرصے تک پاکستان کی بلند ترین عمارت نہیں رہی۔ 1960 کی دہائی میں حبیب بینک پلازہ کی تعمیر نے کراچی کے تعمیراتی منظرنامے کو ایک نئی جہت دی۔
حبیب بینک پلازہ نے محمدی ہاؤس سے بلند ہونے کے بعد ملک کی بلند ترین عمارت کا اعزاز حاصل کرلیا۔ اس کے بعد کراچی میں بلند عمارتوں کی تعمیر کا ایک نیا دور شروع ہوا۔
آج آئی آئی چندریگر روڈ اور اس کے اطراف میں موجود بلند و بالا عمارتیں اس شہر کی بدلتی ہوئی معاشی اور تعمیراتی تاریخ کی عکاسی کرتی ہیں۔ تاہم محمدی ہاؤس کو یہ تاریخی اعزاز حاصل رہے گا کہ اس نے کراچی میں بلند عمارتوں کی تعمیر کے ایک نئے رجحان کی بنیاد رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔
قومیانے کی پالیسی اور عمارت کی بدلتی قسمت
محمدی ہاؤس کی تاریخ میں ایک اہم موڑ یکم جنوری 1974 کو آیا، جب حکومت پاکستان نے جہازرانی کے شعبے کو قومی تحویل میں لینے کی پالیسی کے تحت شپنگ کمپنیوں کو اپنے کنٹرول میں لے لیا۔ محمدی اسٹیم شپ کمپنی بھی اس عمل کے نتیجے میں سرکاری تحویل میں آگئی اور اس کے ساتھ محمدی ہاؤس بھی قومی ملکیت کا حصہ بن گئی۔
وقت گزرنے کے ساتھ عمارت کی تجارتی اہمیت کم ہوتی گئی۔ جہاں کبھی بڑے کاروباری اداروں اور جہازرانی کمپنی کا مرکزی دفتر قائم تھا، وہاں اب بیشتر منزلیں خالی اور عمارت اپنی اصل رونق سے محروم دکھائی دیتی ہے۔
ایک تاریخی ورثہ، جو توجہ کا منتظر ہے
آج محمدی ہاؤس کی حالت دیکھ کر شاید نئی نسل کے لیے یہ تصور کرنا بھی مشکل ہو کہ کبھی یہی عمارت پاکستان کی بلند ترین عمارت ہوا کرتی تھی۔ اس کی خستہ حال بیرونی ساخت، غائب کھڑکیاں اور ویران منزلیں کراچی کی تعمیراتی تاریخ کے ایک اہم باب کو محفوظ رکھنے کے حوالے سے کئی سوالات اٹھاتی ہیں۔
کراچی میں تاریخی عمارتوں کے تحفظ کی بات تو اکثر کی جاتی ہے، لیکن محمدی ہاؤس جیسی عمارتیں اس بات کی متقاضی ہیں کہ ان کی تاریخی حیثیت کا باقاعدہ تعین کیا جائے، تعمیراتی ساخت کا جائزہ لیا جائے اور انہیں محفوظ بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
محمدی ہاؤس محض اینٹوں، سیمنٹ اور لوہے سے بنی دس منزلہ عمارت نہیں بلکہ اس دور کی یادگار ہے جب ایک نیا ملک اپنی معاشی شناخت بنانے کی کوشش کر رہا تھا، کراچی اس کی تجارتی شہ رگ بن رہا تھا اور بلند عمارتوں کی تعمیر ایک نئے عہد کا آغاز کر رہی تھی۔
یہ عمارت آج بھی آئی آئی چندریگر روڈ پر موجود ہے، مگر اس کی خاموشی میں کراچی کے اس شاندار ماضی کی داستان پوشیدہ ہے جسے فراموش نہیں کیا جانا چاہیے۔
بحث میں شامل ہوں
ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں۔ سب سے پہلے رائے دیں۔
یہ بھی پڑھیں
متعلقہ خبریں

خصوصیتحقیقات
1959 کا اکتوبر جب کراچی میں سائیکل رکشہ چلانے پر پابندی لگائی گئی
خصوصیتحقیقات
شہید ملت لیاقت علی خان کے قتل میں غلام محمد اور گورمانی کا ہاتھ تھا، بیگم رعنا لیاقت
پاکستان
ایم کیو ایم پاکستان کا وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے فوری استعفے کا مطالبہ
پاکستان
حیدرآباد میں انتظامی یونٹس کے قیام کے لیے عوامی اجتماع، ملک بھر میں نئے انتظامی یونٹس بنانے کا مطالبہ
تازہ ترین
صحت
پولیو کے مکمل خاتمے تک بہتری بے معنی ہے، مصطفیٰ کمالپاکستان
ایم کیو ایم پاکستان کا وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے فوری استعفے کا مطالبہجرائم
میر رضا کیس: سابق ایس ایچ او گلستانِ جوہر کامران قریشی ملازمت سے برطرفپاکستان
حیدرآباد میں انتظامی یونٹس کے قیام کے لیے عوامی اجتماع، ملک بھر میں نئے انتظامی یونٹس بنانے کا مطالبہپاکستان
مصطفیٰ کمال کی گلشن اقبال میں خصوصی انٹریکٹو سیشن میں شرکت، انتظامی یونٹس کے قیام پر گفتگو
پاکستان سے مزید



