دنیاٹرمپ کی بدزبانی
نوبیل امن انعام نہ ملنے پر ناروے کے بارے میں توہین آمیز ریمارکس، ٹرمپ پر تنقید

مشی گن کے جلسے میں امریکی صدر نے کہا کہ انعام نہ ملنے کی وجہ سے وہ ناروے سے آنے والے تارکینِ وطن کو نہیں چاہتے۔
تحریر: نیوز لیڈ 360 ٹیم
بشکریہ: BBC NEWS، بذریعہ X (Twitter)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نوبیل امن انعام نہ ملنے پر ناراضی ظاہر کرتے ہوئے ناروے کے بارے میں توہین آمیز الفاظ استعمال کیے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اوسلو کی نوبیل کمیٹی نے انھیں انعام نہیں دیا، اس لیے وہ ناروے کے تارکینِ وطن کو قبول نہیں کرنا چاہتے۔
یہ ریمارکس انھوں نے وسط مدتی انتخابات سے پہلے مشی گن کے شہر پورٹ ہیورون کے ایک انتخابی جلسے میں دیے۔
خطاب میں ٹرمپ نے پہلے فرانس کی حالیہ بدامنی کا الزام تارکینِ وطن پر لگایا، پھر اچانک نوبیل انعام کا ذکر چھیڑ دیا۔ انھوں نے کہا کہ وہ بعض ملکوں کے تارکینِ وطن کو خوش آمدید کہیں گے، مگر ناروے کے نہیں۔
نوبیل انعام پر ٹرمپ نے کہا: ’نوبیل انعام ایک ایسی شخصیت کو ملا جسے کوئی نہیں جانتا تھا۔اوباما کو عہدہ سنبھالنے کے دو ہفتے بعد نوبیل انعام مل گیا تھا اور انھیں خود بھی معلوم نہیں تھا کہ یہ انھیں کیوں دیا گیا اور آج بھی انھیں معلوم نہیں۔‘
ٹرمپ کا دعویٰ تھا کہ ان کے دور میں آٹھ جنگیں ختم ہوئیں اور دو اور ختم ہونے کے قریب ہیں۔
’میں نے آٹھ جنگیں ختم کیں اور دو مزید ختم ہونے والی ہیں۔ میں نے ایران کے جوہری خطرے کو روکا۔ یہ ایک خوفناک صورتحال ہو سکتی تھی۔‘
ناروے کے بارے میں انتہائی نازیبا الفاظ استعمال کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا: ’مجھے ناروے سے کوئی لگاؤ نہیں ہے۔ کیونکہ مجھے نوبیل انعام نہیں ملا، اس لیے میں ناروے سے کسی کو (اپنے ملک میں) نہیں چاہتا۔‘
ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈے نے سرکاری نشریاتی ادارے این آر کے سے گفتگو میں ٹرمپ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: ’نوبیل کمیٹی کی آزادی سے وہ (ٹرمپ) بخوبی آگاہ ہیں۔ اگر کسی کو اس بارے میں کوئی شک ہو تو ہم انھیں یاد دلا چکے ہیں کہ نوبیل کمیٹی خودمختار ہے۔‘



