جرائمٹی ٹی پی اور بی ایل اے کے خلاف کارروائیاں
کراچی میں سی ٹی ڈی اور حساس ادارے کی مشترکہ کارروائیاں، بی ایل اے اور ٹی ٹی پی کے 3 دہشت گرد گرفتار
Spokesman CTDدہشت گردوں کے قبضے سے تیار شدہ آئی ای ڈی، ہینڈ گرنیڈ، پستول اور گولیاں برآمد؛ حساس مقامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دفاتر کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کا انکشاف، سی ٹی ڈی
تحریر: نیوز لیڈ 360 ٹیم
کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کراچی اور وفاقی حساس ادارے نے شہر کے مختلف مقامات پر مشترکہ کارروائیوں کے دوران کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے دو اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے وابستہ ایک مبینہ دہشت گرد کو گرفتار کرلیا۔ سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک تیار شدہ امپرووائزڈ ایکسپلوزیو ڈیوائس (آئی ای ڈی)، ایک ہینڈ گرنیڈ، 30 بور پستول، لوڈ میگزین اور پانچ گولیاں برآمد کی گئی ہیں۔
سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پہلی کارروائی گلستان جوہر میں مین یونیورسٹی روڈ، بلاک 7 کے قریب خفیہ اطلاع پر کی گئی، جہاں سے بی ایل اے سے تعلق رکھنے والے دو مبینہ دہشت گردوں رحیم فضل ولد فضل محمود اور بالاچ بلوچ ولد رسول بخش کو گرفتار کیا گیا۔
حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار ملزمان مبینہ طور پر اپنے تنظیمی کمانڈر سے رابطے میں تھے اور کراچی میں حساس مقامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دفاتر کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزمان کے بارے میں ابتدائی اطلاعات یہ بھی ہیں کہ وہ بلوچستان میں ٹارگٹ کلنگ، اغوا اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث رہے ہیں، جبکہ انہوں نے افغانستان میں اسلحہ چلانے کی تربیت حاصل کی تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔
گلبائی چوک سے ٹی ٹی پی کا مبینہ دہشت گرد گرفتار
سی ٹی ڈی اور وفاقی حساس ادارے نے دوسری کارروائی میں گلبائی چوک پر پل کے نیچے سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے وابستہ مبینہ دہشت گرد شاہ نور رحمان خان ولد اختر عالم کو گرفتار کیا۔
ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول، ایک لوڈ میگزین اور پانچ گولیاں برآمد ہوئیں۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے مبینہ طور پر وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ ملوث ہونے کا اعتراف کیا اور بتایا کہ وہ تنظیمی کمانڈر کی ہدایت پر کراچی آیا تھا، جہاں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دفاتر کی ریکی اور انہیں نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی تھی۔
ذرائع
- بیانSpokesman CTD



