جرائمڈرگ مافیا
بین الاقوامی منشیات سپلائی نیٹ ورک کے مبینہ کارندے میاں بیوی گرفتار
شبہ ہے نیٹ ورک آسٹریلیا تک پھیلا ہوا ہے ، پولیس
تحریر: نیوز لیڈ 360 ٹیم
کراچی: ایسٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بین الاقوامی منشیات سپلائی نیٹ ورک میں مبینہ طور پر ملوث میاں بیوی کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے چپلوں میں مہارت سے چھپائی گئی منشیات تھرا اور چرس برآمد ہوئی ہے۔
ایس ڈی پی او سہراب گوٹھ اور ایس ایچ او سائٹ سپر ہائی وے کی نگرانی میں نیو سبزی منڈی چوکی پولیس نے خفیہ اطلاع پر چاکر ہوٹل کے قریب کارروائی کی۔
کارروائی کے دوران گرفتار ملزمان کی شناخت علی رضا ولد صفدر علی اور اس کی اہلیہ مریم کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے بیگ کی تلاشی کے دوران 14 چپلوں میں چھپائی گئی منشیات تھرا اور چرس کے دو پیکٹ برآمد کیے گئے۔
ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے مبینہ طور پر انکشاف کیا کہ وہ کوئٹہ سے شعیب نامی شخص کے ذریعے بسوں میں منشیات کراچی منگواتے تھے۔ کراچی پہنچنے پر علی رضا اپنی اہلیہ کے ہمراہ منشیات وصول کرتا اور انہیں آسٹریلیا بھجوانے کا انتظام کرتا تھا۔
پولیس کے مطابق آسٹریلیا میں موجود نیٹ ورک کا مبینہ مرکزی سرغنہ منشیات وصول کرکے فروخت کرتا تھا، جبکہ فروخت سے حاصل ہونے والی رقم پاکستان میں موجود نیٹ ورک کے کارندوں کو منتقل کی جاتی تھی۔
پولیس نے گرفتار میاں بیوی کے خلاف کنٹرول آف نارکوٹکس سبسٹینس ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات سپلائی نیٹ ورک کے دیگر کارندوں کی گرفتاری اور اس کے مزید روابط کا سراغ لگانے کے لیے تفتیش اور کارروائیاں جاری ہیں۔
ذرائع
- بیانEast Police




