پاکستانشاہ فیصل مسجد
چیئرمین سی ڈی اے کا فیصل مسجد کا دورہ، تزئین و آرائش اور سہولیات بہتر بنانے کی ہدایت

چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) سہیل اشرف نے فیصل مسجد کی تزئین و آرائش، بحالی اور اپ گریڈیشن کے کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو مرمت کے کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے اور نمازیوں سمیت ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
تحریر: نیوز لیڈ 360 ٹیم
چیئرمین سی ڈی اے نے 27 اکتوبر کو فیصل مسجد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری ترقیاتی اور تزئین و آرائش کے کاموں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران نے انہیں کاموں کی پیش رفت اور مسجد میں سہولیات کی بہتری کے حوالے سے بریفنگ دی۔

دورے کے دوران ممبر بلڈنگ، ڈی جی سروسز، ڈی جی ای اینڈ ایم، چیف ایگزیکٹو آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) سمیت سی ڈی اے، نیسپاک اور ای ایس سی پی کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔
چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے ہدایت کی کہ تزئین و آرائش اور مرمت کے تمام کام مقررہ مدت میں اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے مسجد کے موجودہ انفراسٹرکچر، عوامی سہولیات اور دیکھ بھال کے نظام کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مسجد میں صفائی ستھرائی، حفظانِ صحت، راستوں اور اطراف کے علاقوں کی دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے، جبکہ کینٹین سمیت دیگر ضروری سہولیات کو بھی فعال اور مؤثر بنایا جائے تاکہ نمازیوں اور زائرین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے فیصل مسجد کے اطراف لینڈ اسکیپنگ، شجرکاری، سبزہ زاروں کی بہتری اور مجموعی ماحول کو خوبصورت بنانے کے اقدامات پر بھی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ مسجد کے منفرد طرزِ تعمیر، مذہبی تقدس اور تاریخی شناخت کو برقرار رکھتے ہوئے سہولیات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے۔
ذرائع
- بیانترجمان سی ڈی اے




