پاکستانالمناک حادثہ یا مجرمانہ غفلت ؟
تھرپارکر میں ایمبولینس میں آتشزدگی سے حاملہ خاتون اور اسپتال کے 4 اہلکاروں سمیت 8 افراد جاں بحق

اسپتال انتظامیہ کے مطابق آکسیجن سلنڈر نصب کیے جانے کے دوران دھماکا ہوا، اس وقت حاملہ خاتون ایمبولینس کے اندر ہی موجود تھیں۔
تحریر: نیوز لیڈ 360 ٹیم
بشکریہ: The News، بذریعہ X (Twitter)
تھرپارکر میں بنیادی مرکز صحت (بی ایچ یو) پلس پر آکسیجن سلنڈر پھٹنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 8 ہو گئی ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق ایک زخمی علاج کے لیے مٹھی لے جاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گیا۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ پیپلز پرائمری ہیلتھ کیئر انیشی ایٹو (پی پی ایچ آئی) کی ایمبولینس میں عملہ آکسیجن سلنڈر بدل رہا تھا کہ آگ بھڑک اٹھی۔
اسسٹنٹ کمشنر نگرپارکر ارم کریم ناریجو کے مطابق دھماکے کے وقت ایمبولینس صحت مرکز میں کھڑی تھی۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق جب عملے نے ایمبولینس میں آکسیجن سلنڈر لگانا شروع کیا تو حاملہ خاتون اندر ہی موجود تھیں۔ اسی دوران دھماکا ہوا اور آگ بھڑک اٹھی۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں پی پی ایچ آئی کا ڈسپنسر، ایمبولینس ڈرائیور، ایک چوکیدار اور ایک اور ملازم شامل ہیں۔
ریسکیو حکام کی ابتدائی اطلاعات میں بھی مرنے والوں میں ایک حاملہ خاتون اور ان کے دو تیماردار بتائے گئے تھے۔
پولیس نے بتایا کہ زخمیوں میں بنیادی مرکز صحت کی دو دائیاں اور ایک خاتون تیماردار بھی شامل ہیں۔
زخمیوں کو علاج کے لیے سول اسپتال مٹھی منتقل کیا جا رہا تھا، جبکہ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور محکمہ صحت کی ٹیمیں موقع پر موجود تھیں۔
سندھ کے وزیر داخلہ و قانون ضیا الحسن لنجار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تھرپارکر کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) اور ڈپٹی کمشنر سے تفصیلات طلب کر لیں۔
ترجمان کے مطابق وزیر نے ہدایت کی کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد اور بروقت علاج ملنا یقینی بنایا جائے۔
ایس ایس پی تھرپارکر کے مطابق زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد کراچی منتقل کر دیا گیا۔




