پاکستانگلشن اقبال ٹاؤن
گلشن اقبال: چرچ موڑ پر تین ہفتے سے تعمیراتی میٹریل موجود، ٹریفک جام معمول بن گیا

متعلقہ یونین کونسل اور ٹاؤن انتظامیہ کو متعدد بار شکایات درج کرائیں کہ سڑک کی تعمیر فوری شروع کی جائے یا تعمیراتی میٹریل کو وہاں سے ہٹایا جائے، لیکن ان شکایات پر مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔
تحریر: نیوز لیڈ 360 ٹیم
گلشن اقبال ٹاؤن کی انتظامیہ کی مبینہ غفلت کے باعث گلشن اقبال تیرہ ڈی ٹو کے چرچ موڑ پر سڑک کی تعمیر کے لیے لایا گیا میٹریل تین ہفتے سے پڑا ہے، جس کے باعث تنگ راستے پر ٹریفک کی روانی متاثر اور پیدل چلنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق چرچ موڑ ایک تنگ گزرگاہ ہے، جبکہ سڑک کی تعمیر چرچ روڈ پر ہونی ہے، جو نسبتاً چوڑی سڑک ہے۔ اصولی طور پر تعمیراتی میٹریل چرچ روڈ پر رکھا جانا چاہیے تھا، تاہم ٹاؤن انتظامیہ نے اسے تنگ موڑ پر ڈال دیا، جس سے آمدورفت میں مشکلات بڑھ گئی ہیں۔
دوسری جانب چرچ موڑ کے قریب سیوریج کا پانی اوور فلو ہونے کے باعث صورتحال مزید خراب ہوگئی ہے اور علاقے میں بدترین ٹریفک جام رہتا ہے۔
رہائشیوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے متعلقہ یونین کونسل اور ٹاؤن انتظامیہ کو متعدد بار شکایات درج کرائیں کہ سڑک کی تعمیر فوری شروع کی جائے یا تعمیراتی میٹریل کو وہاں سے ہٹایا جائے، لیکن ان شکایات پر مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔ ان کے مطابق اس مقام پر چھ ماہ سے پڑے سیوریج کے کچھ پائپ تو ہٹوا دیے گئے، تاہم سڑک کی تعمیر کا میٹریل تاحال وہیں موجود ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق چرچ موڑ کے بالکل قریب سینٹ فلپس ہائی اسکول واقع ہے، جہاں سے طلبہ و طالبات روزانہ پیدل گزرتے ہیں۔ یہ راستہ دیگر رہائشیوں کے لیے بھی اہم گزرگاہ ہے، لیکن تعمیراتی میٹریل اور سیوریج کے مسائل کے باعث پیدل چلنے والوں کو شدید دشواری کا سامنا ہے۔
رہائشیوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑک کی تعمیر فوری شروع کی جائے، تعمیراتی میٹریل کو مناسب مقام پر منتقل کیا جائے اور سیوریج اوور فلو کا مسئلہ حل کرکے شہریوں کو درپیش مشکلات سے نجات دلائی جائے۔




