پاکستانناکام سسٹم
موجودہ نظام کے تحت ملک مزید نہیں چل سکتا، فرسودہ نظام کی اصلاح ناگزیر ہے، سید مصطفیٰ کمال

صوبوں کو قابلِ تقسیم پول سے اربوں روپے ملنے کے باوجود عوام بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں، ناقص گورننس مایوسی کو جنم دے رہی ہے، وفاقی وزیر
تحریر: نیوز لیڈ 360 ٹیم
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور وفاقی وزیر سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پاکستان اب اس نہج پر پہنچ چکا ہے جہاں حکمرانوں کو یہ ادراک کر لینا چاہیے کہ موجودہ نظام کے تحت ملک کو مزید نہیں چلایا جا سکتا۔ وقت کا تقاضا ہے کہ ذاتی خواہشات اور مفادات کے بجائے ملک کو بچانے کو اولین ترجیح دی جائے اور فرسودہ نظام کی اصلاح کی جائے تاکہ ریاست اور عوام کے درمیان بڑھتے ہوئے فاصلے کم کیے جا سکیں۔
سید مصطفیٰ کمال نے وسائل کی تقسیم اور حکومتی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ قابلِ تقسیم پول کے تحت صوبوں کو اربوں روپے فراہم کیے جاتے ہیں، جن میں سے 8 ہزار 884 ارب روپے جیسی خطیر رقم بھی شامل ہے، لیکن اس کے باوجود عوام صحت، تعلیم، بنیادی ڈھانچے اور دیگر بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔
مصطفی کمال نے کہا کہ صوبوں کو منتقل ہونے والے ان وسائل کو عوامی فلاح و بہبود اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر خرچ ہونا چاہیے، مگر زمینی حقائق حکومتی ترجیحات اور کارکردگی پر سنجیدہ سوالات اٹھا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ خراب حکومتی پالیسیوں، ناقص انتظامی ڈھانچے اور بدترین گورننس کے باعث معاشرے میں بددلی اور مایوسی بڑھ رہی ہے۔ جب عوام کے مسائل حل نہیں ہوتے اور انہیں بنیادی حقوق و سہولتیں میسر نہیں آتیں تو ریاست اور شہریوں کے درمیان اعتماد کا رشتہ کمزور پڑنے لگتا ہے۔ ان کے مطابق بعض حلقوں میں یہی مایوسی شدت اختیار کرتے ہوئے ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے جیسے رجحانات کو جنم دیتی ہے، جو ملک کے لیے ایک سنگین صورتِ حال ہے۔
سید مصطفیٰ کمال نے کراچی کی ابتر صورتِ حال کو ناقص حکمرانی کا عکاس قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی ماضی میں دنیا کے تیزی سے ترقی کرنے والے شہروں میں شمار ہوتا تھا، لیکن انتظامی بدحالی اور خراب گورننس کے باعث آج اس کی حالت ایسی ہو چکی ہے کہ اسے عالمی سطح پر رہنے کے لیے ناموزوں اور بدترین شہروں میں شمار کیا جاتا ہے۔



