پاکستاننئے انتظامی یونٹس کے لئے اجتماع کا اعلان
نئے انتظامی یونٹس کی تحریک فیصلہ کن موڑ پر پہنچ چکی، واپسی کا راستہ نہیں، مصطفیٰ کمال
ایم کیو ایم پاکستان کا شاہراہِ فیصل پر بڑے اجتماع کا اعلان، موجودہ نظام میں پاکستان مزید آگے نہیں چل سکتا، مصطفیٰ کمال
تحریر: نیوز لیڈ 360 ٹیم
ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ سندھ سمیت پورے پاکستان میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی تحریک ایک ایسے فیصلہ کن موڑ پر پہنچ چکی ہے جہاں سے واپسی کا کوئی راستہ نہیں۔
ایم کیو ایم پاکستان کے انتظامی یونٹس سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ آئندہ چند روز میں شاہراہِ فیصل پر کراچی اپنی تاریخ کے سب سے بڑے اجتماع کے ذریعے نئے انتظامی یونٹس کے حق میں فیصلہ سنانے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری تحریک کراچی اور پاکستان کے عوام کے لیے عزت کے ساتھ جینے کا حق حاصل کرنے کی تحریک ہے۔ سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا شہر کراچی پینے کے پانی، بجلی، پبلک ٹرانسپورٹ، اسپتالوں میں ادویات اور بچوں کے لیے معیاری تعلیم جیسی بنیادی انسانی سہولتوں سے محروم ہے۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ہم اور ہماری آنے والی نسلیں اس ملک میں عزت کے ساتھ جینا چاہتی ہیں۔ تمام اسٹیک ہولڈرز کو اب یہ تسلیم کرنا پڑے گا کہ موجودہ نظام کے تحت پاکستان مزید آگے نہیں چل سکتا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما انیس قائم خانی نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کا کارکن بکاؤ مال نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی تحریک کا کارکن ہونے پر فخر ہے۔




