
خصوصی رپورٹپاکستانتحقیقاتی رپورٹایم کیو ایم کے رہنماؤں میں صرف مصطفی کمال ہی نشانے پر کیوں ؟
مصطفیٰ کمال کےخلاف منفی مہم ، پس پردہ عوامل کیا ہیں؟
سوشل میڈیا آج سیاسی محاذ آرائی کا ایک مؤثر ذریعہ بن چکا ہے۔ کسی بھی سیاسی شخصیت کے خلاف الزامات، غیر مستند خبروں، غیر مصدقہ دعوؤں اور یکساں نوعیت کے پیغامات کو مختلف اکاؤنٹس کے ذریعے پھیلانے سے ایک مخصوص تاثر قائم کرنا ایک مستقل روایت بن گئی ہے ۔
تحریر: ملک ظہیر حسین اعوان
وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال کے خلاف سوشل میڈیا پر جاری مہم کو محض ایک انتظامی یا احتسابی معاملے تک محدود کرکے دیکھنا شاید درست نہیں ہوگا۔ اس مہم کے پس منظر میں کئی سیاسی، انتظامی اور تنظیمی عوامل موجود دکھائی دیتے ہیں۔ ایک طرف ان پر حج اور عمرہ زائرین کے لیے ویکسین کی خریداری میں مبینہ بے ضابطگیوں کے الزامات کو اربوں روپے کے اسکینڈل کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے تو دوسری جانب نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام کا مطالبہ، جعلی ادویات کے خلاف کارروائیاں اور ایم کیو ایم پاکستان کے اندرونی اختلافات بھی اس تمام صورت حال کو ایک وسیع تر تناظر میں دیکھنے کی ضرورت پیدا کرتے ہیں۔

ایف آئی اے کی جانب سے حج اور عمرہ زائرین کے لیے ویکسین کی خریداری کی تحقیقات کو بعض حلقوں کی جانب سے دس ارب روپے کی مبینہ خورد برد کے اسکینڈل کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔
جبکہ حقیقت یہ ہے کہ جس ٹینڈر کو اس اسکینڈل کی بنیاد بنایا جا رہا ہے، اس کے اجرا کے وقت نہ تو مصطفیٰ کمال کو اس کا علم تھا اور نہ ہی ان کے دستخط سے ٹینڈر جاری کرنے کے احکامات دیے گئے تھے، تحقیقات کا تعلق تقریباً 18 کروڑ روپے کی رقم سے ہے، جسے دس ارب روپے کی خورد برد کے طور پر پیش کرکے رائی کا پہاڑ بناکر سنسنی پھیلائی جارہی ہے اور گرفتاری کی کسی کی ذاتی خواہش کو خبر بنایا جارہا ہے اور جس رقم کی خورد برد کا واویلا مچایا جارہا ہے وہ رقم قومی خزانے میں موجود ہے اور تحقیقاتی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی جا چکی ہے۔
مصطفیٰ کمال کی کارکردگی یہ ہے کہ برسوں سے غیر فعال پاکستان اور چین کے تعاون سے قائم اسپتال کو دوبارہ فعال کرنا ان کے نمایاں اقدامات میں شامل ہے۔ وزیراعظم نے بھی اس منصوبے کی تکمیل پر مصطفیٰ کمال کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ ”وفاقی وزیر نے ان کے خواب کو عملی شکل دی ہے۔“
اس کے علاوہ جعلی اور غیر رجسٹرڈ ادویات کے خلاف کارروائیوں اور ادویات کی پیکنگ پر بارکوڈ سسٹم متعارف کرانے کے اقدامات کو بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
ادویات کے شعبے میں شفافیت، مصنوعات کی شناخت اور سپلائی چین کی نگرانی کا نظام غیر قانونی کاروبار میں ملوث مافیا کے لئے ایک مصیبت بن گیا ہے اورجعلی ادویات کی تیاری اور فروخت سے وابستہ یہی مافیا مصطفیٰ کمال کے خلاف مہم کو ہوا دے رہے ہیں





