خصوصیتعلیمپنشن کا بحران شدت اختیار کر گیا
وفاقی اردو یونیورسٹی کے ریٹائرڈ اساتذہ پنشن کے لیے عدالتوں کے چکر لگانے پر مجبور، وفاقی وزیر تعلیم اور کراچی کی سیاسی قیادت خاموش کیوں؟

کینسر سمیت موذی امراض میں مبتلا بزرگ اساتذہ اپنے جائز واجبات سے محروم، یونیورسٹی کا مالی بحران سنگین صورت اختیار کر گیا، وفاقی وزارت تعلیم اور ایچ ای سی سے فوری مداخلت کا مطالبہ
تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی، تہذیب اور آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کی بنیاد ہوتی ہے، جبکہ اساتذہ کا احترام کسی بھی مہذب معاشرے کی پہچان ہے۔ تاہم پاکستان کی پہلی اور واحد وفاقی اردو یونیورسٹی آف آرٹس، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (FUUAST) کی موجودہ صورتحال ایک سنگین سوالیہ نشان بن چکی ہے۔ جس ادارے کے اساتذہ نے اپنی زندگیاں ہزاروں طلبہ کی تعلیم و تربیت اور یونیورسٹی کی ترقی کے لیے وقف کر دیں، آج وہی بزرگ اساتذہ اپنی پنشن اور دیگر ریٹائرمنٹ واجبات کے حصول کے لیے عدالتوں کے چکر لگانے پر مجبور ہیں۔

بزرگ اور بیمار اساتذہ پنشن کے حصول کے لیے عدالتوں میں جانے پر مجبور
وفاقی اردو یونیورسٹی کا پنشن بحران محض چند افراد کا مسئلہ نہیں بلکہ سیکڑوں ریٹائرڈ اساتذہ اور ملازمین کا مشترکہ المیہ ہے۔ ان میں بڑی تعداد ایسے بزرگ افراد کی ہے جو بڑھتی عمر کے باعث مختلف جسمانی بیماریوں کا شکار ہیں، جبکہ بعض پنشنرز کینسر جیسے موذی امراض سے بھی نبرد آزما ہیں۔
جن اساتذہ کو اپنی عمر کے آخری حصے میں سکون، عزت اور علاج معالجے کی سہولتیں میسر ہونی چاہئیں، وہ اپنے ہی کمائے ہوئے جائز واجبات کے حصول کے لیے قانونی جنگ لڑ رہے ہیں۔
عدالتی کارروائی کے دوران وائس چانسلر کی جانب سے یہ مؤقف اختیار کیا گیا کہ یونیورسٹی جس مد کے لیے مختص رقم رکھتی ہے، اسے اسی مد میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس مؤقف نے یونیورسٹی کے مالیاتی انتظامات اور پنشن فنڈز کی دستیابی سے متعلق کئی اہم سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔




