پاکستاندہشت گردوں کے خلاف آپریشن
بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے دو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، بھارتی سرپرستی میں سرگرم 17 دہشت گرد ہلاک: آئی ایس پی آر

ضلع کچھی کے علاقے سنی میں انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا گیا، جس کے دوران سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کی جانب سے شہر میں ناکہ بندی قائم کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع کچھی اور خاران میں دو الگ الگ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی پراکسی تنظیموں، فتنۃ الہندوستان اور فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 17 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع کچھی کے علاقے سنی میں انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا گیا۔ اس دوران دہشت گردوں کی جانب سے شہر میں ناکہ بندی قائم کرنے کی کوشش کو سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔ آپریشن کے دوران 10 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع خاران میں ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا سراغ لگا کر اسے تباہ کردیا۔ اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 7 بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج ہلاک ہوگئے۔ کارروائی کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق خاران میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک فوج کے 25 سالہ سپاہی حکمت اللہ نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ شہید سپاہی حکمت اللہ کا تعلق ضلع کرک سے تھا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود دیگر بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق وفاقی ایپکس کمیٹی کی جانب سے منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت وژن عزمِ استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی، تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جاسکے
ذرائع
- بیانISPR




