پاکستانعزم استحکام
ڈی آئی خان آپریشن میں پاک فوج کے 2 جوان شہید، 6 بھارتی حمایت یافتہ خوارج واصل جہنم

علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے بھارتی سرپرستی میں سرگرم خارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر
تحریر: نیوز لیڈ 360 ٹیم
سیکیورٹی فورسز نے 24 اکتوبر 2026 کو ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے زرکانی میں بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
سیکیورٹی فورسز نے نہایت پیشہ ورانہ انداز میں کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم 6 خوارج کو ہلاک کردیا۔
تاہم، شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے پاک فوج کے نائیک غلام مرتضیٰ (عمر 36 سال، رہائشی ضلع گجرات) اور سپاہی تاثیر احمد (عمر 30 سال، رہائشی ضلع تلہ گنگ) نے جامِ شہادت نوش کیا۔
ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ ہلاک خوارج سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں، جبکہ بے گناہ شہریوں کے قتل میں بھی سرگرم رہے تھے۔
علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے بھارتی سرپرستی میں سرگرم خارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
قومی ایکشن پلان پر وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے وضع کردہ وژن عزمِ استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف مسلسل کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی، تاکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جاسکے۔
ہمارے بہادر جوانوں کی یہ عظیم قربانیاں ہر قیمت پر وطنِ عزیز کے تحفظ کے لیے ہمارے غیر متزلزل عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
ذرائع
- بیانISPR




