AI-generated imageصحتفیچرانسانوں کے اندھیروں کو روشنی میں تبدیل کرنے کی کہانی
56 سال قبل کراچی میں پاکستان کے پہلے آئی بینک کا قیام، عطیہ کردہ آنکھوں سے بینائی لوٹانے کی تاریخی مہم
سہولت نہ ہونے کے باعث 1971 سے قبل بیرون ملک سے آنے والی آنکھیں بھی ضائع ہوجاتی تھیں، پہلے آئی بینک کے قیام کے بعد 646 افراد نے وفات کے بعد آنکھیں عطیہ کرنے کا اعلان کیا، سینٹرل جیل کے 100 قیدی بھی اس مہم میں شامل ہوگئے۔
تحریر: سلیم اللہ صدیقی
پاکستان میں آنکھوں کے عطیات کو محفوظ کرنے اور نابینا افراد کو بینائی کی نعمت سے روشناس کرانے کے لیے 56 سال قبل کراچی میں ایک تاریخی قدم اٹھایا گیا، جب 12 مئی 1971 کو ملک کے پہلے آئی بینک کا افتتاح کیا گیا۔ یہ اقدام نہ صرف پاکستان کی طبی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوا بلکہ اس کے ذریعے ملک میں بعد از وفات آنکھیں عطیہ کرنے کے شعور کو بھی فروغ ملا۔

کراچی کے اسپنسر آئی اسپتال میں قائم ہونے والے اس آئی بینک کا افتتاح اس وقت کے گورنر سندھ اور مارشل لا ایڈمنسٹریٹر زون ڈی، جنرل رحمان گل نے کیا تھا۔ آئی بینک کے قیام میں لائنز کلب نے بنیادی کردار ادا کیا، جبکہ کراچی کے معروف تاجر میاں محمد صادق منو نے اس مقصد کے لیے 50 ہزار روپے کا مالی تعاون فراہم کیا، جو اس زمانے میں ایک بڑی رقم تھی۔
اسی تقریب میں اسپنسر آئی اسپتال کے نئے کلثوم بائی ولیکا وارڈ کا بھی افتتاح کیا گیا۔ جنرل رحمان گل نے اپنے خطاب میں کہا کہ دو لاکھ روپے کی لاگت سے وارڈ کی تعمیر ولیکا ٹرسٹ کا قابلِ تقلید کارنامہ ہے، جبکہ لائنز کلب کے زیر اہتمام آئی بینک کا قیام بھی ایک قابلِ ستائش اقدام ہے۔ انہوں نے میاں محمد صادق منو کی جانب سے 50 ہزار روپے کی فراہمی کو بھی سراہا۔
اس موقع پر اسپنسر آئی اسپتال کے انچارج اور بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہر امراض چشم ڈاکٹر ایم ایچ رضوی نے بتایا کہ نئے وارڈ کی تعمیر سے اسپتال میں مزید 100 مریضوں کی گنجائش پیدا ہوگئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسپتال میں اندرون ملک سے آنے والے آنکھوں کے مریضوں کو سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے مخیر حضرات سے مزید تعاون کی اپیل بھی کی۔ ولیکا ٹرسٹ کے نجم الدین ولیکا نے مستقبل میں تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی، جبکہ لائنز کلب کے نور محمد نے آئی بینک کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔
پاکستان میں آئی بینک کیوں ضروری تھا؟
آئی بینک کے قیام سے قبل پاکستان میں آنکھوں کے عطیات کو محفوظ رکھنے کا مناسب انتظام موجود نہیں تھا۔ اس وقت بینائی سے محروم مریضوں کے لیے ہر ماہ تقریباً 50 آنکھیں سری لنکا اور امریکا سے منگوائی جاتی تھیں، لیکن محفوظ رکھنے کی سہولت نہ ہونے کے باعث ان میں سے بعض آنکھیں ضائع ہوجاتی تھیں۔
اسی مسئلے کے پیش نظر ڈاکٹر ایم ایچ رضوی نے لائنز کلب پر زور دیا کہ اسپنسر آئی اسپتال میں آئی بینک قائم کیا جائے، تاکہ بیرون ملک سے آنے والے عطیات کو محفوظ رکھنے کے ساتھ پاکستانی شہریوں میں بھی بعد از وفات آنکھیں عطیہ کرنے کا جذبہ پیدا کیا جاسکے۔
جامعہ کراچی کے طلبہ کی گھر گھر مہم، 646 افراد نے آنکھیں عطیہ کرنے کا اعلان کردیا
آئی بینک کے قیام کے بعد لائنز کلب نے جامعہ کراچی کے طلبہ کی خدمات حاصل کرکے ایک منفرد عوامی مہم شروع کی۔ اس مہم میں نسرین حئی، نرگس نزہت، کمال احمد اور عبدالعزیز شامل تھے۔ ان طلبہ نے گھر گھر جاکر لوگوں کو موت کے بعد آنکھیں عطیہ کرنے کی اہمیت سے آگاہ کیا اور انہیں اس انسانی خدمت کے لیے آمادہ کیا۔
اس مہم کے نتیجے میں 646 افراد نے اپنی وفات کے بعد آنکھیں عطیہ کرنے کی پیش کش کردی۔ ان شخصیات میں سابق گورنر سندھ حبیب ابراہیم رحمت اللہ، جناح اسپتال کے سرجن قاضی، جامعہ کراچی کے شعبہ سماجی بہبود کی صدر ڈاکٹر عقیلہ کیانی، سابق وزیر قانون اے کے بروہی کی دو صاحبزادیاں مس حفیظہ بروہی اور طاہرہ بروہی، جبکہ زونٹا کلب کی صدر بیگم پیرزادہ بھی شامل تھیں۔
اس کے علاوہ گل رعنا کلب کی خواتین ارکان، خورشید گرلز کالج، ایس ایم کالج اور جامعہ ملیہ کالج کے طلبہ نے بھی اپنی آنکھیں عطیہ کرنے کی پیش کش کی۔ اس مہم میں کراچی سینٹرل جیل کے 100 قیدی بھی شامل ہوگئے، جنہوں نے وفات کے بعد اپنی آنکھیں عطیہ کرنے کا اعلان کیا۔
اس وقت طے شدہ طریقہ کار کے مطابق عطیہ کرنے والے شخص کی وفات کے دو گھنٹے کے اندر آنکھیں نکال کر آئی بینک میں محفوظ کی جانی تھیں، تاکہ ان کے قرنیے ضرورت مند مریضوں میں پیوند کیے جاسکیں۔
قیام پاکستان سے 1971 تک صرف چار پاکستانیوں نے آنکھیں عطیہ کی تھیں
اس مہم کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ قیام پاکستان سے مئی 1971 تک صرف چار پاکستانیوں نے اپنی آنکھیں عطیہ کرنے کی پیش کش کی تھی۔ ان میں قتل کے الزام میں سزائے موت پانے والے دو قیدی حبیب اللہ اور محمد عمر بھی شامل تھے۔ حبیب اللہ نے 1966 میں جبکہ محمد عمر نے 1956 میں اپنی آنکھیں عطیہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ان کے عطیات ضرورت مند مریضوں کے لیے استعمال کیے گئے۔
یوں کراچی میں 12 مئی 1971 کو قائم ہونے والا پاکستان کا پہلا آئی بینک محض ایک طبی سہولت کا آغاز نہیں تھا بلکہ یہ انسانی ہمدردی، سماجی شعور اور دوسروں کو بینائی کی روشنی دینے کے جذبے کی ایک ایسی تاریخی مثال تھی، جس نے سینکڑوں افراد کو اپنی وفات کے بعد بھی کسی دوسرے انسان کی زندگی روشن کرنے پر آمادہ کیا۔
بحث میں شامل ہوں
ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں۔ سب سے پہلے رائے دیں۔
یہ بھی پڑھیں
متعلقہ خبریں

صحت
کراچی: عباسی شہید اسپتال میں ممنوعہ سرنجز برآمد ، تحقیقات شروع
صحت
وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال کی قیادت میں پاک چین دوستی اسپتال کی تبدیلی کی کہانی، دیکھیے اس دستاویزی فلم میں
پاکستان
تھرپارکر میں ایمبولینس میں آتشزدگی سے حاملہ خاتون اور اسپتال کے 4 اہلکاروں سمیت 8 افراد جاں بحق
صحت
پمز اسپتال کی گورننس میں اصلاحات، بورڈ آف گورنرز کے تحت چلانے کی سفارش
تازہ ترین
پاکستان
بحریہ ٹاؤن کراچی کو ایک اور بڑا دھچکا، جامشورو میں 1,338 ایکڑ اراضی کے ریونیو اندراجات منسوخجرائم
کراچی: منگھوپیر سے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والا دہشت گرد گرفتار، ترجمان رینجرزپاکستان
سندھ میں خون کا ایک قطرہ بھی بہا تو ذمہ دار بلاول بھٹو ہوں گے، مصطفیٰ کمالپاکستان
کراچی میں امن و امان کی بہتری کے لیے رینجرز کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں اہم فیصلےپاکستان
ایم کیو ایم پاکستان کی انتظامی یونٹس کے قیام کے لیے پاک کالونی اور اورنگی ٹاؤن میں عوامی رابطہ مہم
صحت سے مزید



